Tribe Republic
Tribe Republic is a Digital Tree having shoots of numerous digital initiatives

اقساط پر پراپرٹی خریدنے کےرہنما اصول

330

اقساط پر پراپرٹی خریدنے کےرہنما اصول
اقساط پر پراپرٹی خریدتے وقت یقین دہانی کروالیں کہ اس فائل کے پیچھے پلاٹ بھی ہے محض کاغذی کارروائی نہیں ہے۔
زبانی کلامی وعدوں پر اکتفاء نہ کریں ۔ لکھت پڑھت کریں اور قانون سے ہٹ کر کوئی شرط نہ رکھیں نہ مانیں
دستاویزات کے اصلی ہونے کی یقین دہانی بھی ضرور کروائیں
اور اس کے علاوہ بہت کچھ اس رپورٹ میں

پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال نے بڑے شہروں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ کل تک شہر کے مضافات کہلانے علاقے اب شہر میں شامل ہو چکے ہیں اور عوام کی بڑی تعدا د وہاں پر جدید ہاؤسنگ اسکیموں کی وجہ سے رہائش اختیار کر نے کو فوقیت دیتی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں نوے لاکھ گھروں کی کمی ہے۔طلب و رسد کی وجہ سے پراپرٹی کی قیمتیں بھی بہت جلد آسمان سے باتیں کرنا شروع کر دیتی ہیں۔ پاکستان کے سب سے بڑے پراپرٹی پورٹل کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں میں پراپرٹی کی قیمتوں میں 118فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ شہر کے بیچ میں گھر لینا تو عام آدمی کا خواب ہی ہو سکتا ہے ، اطراف میں بھی گھروں کی قیمتیں اتنی ہیں کہ اچھی تنخواہ پانے والا بھی حسرت ویاس کی تصویر بن جائے اور اگر یکمشت قیمت پر پلاٹ لینے کی بات تو وہ بھی آسان نہیں ہیں۔
اس مشکل کا حل یوں نکالاگیا ہے کہ اقساط پر پراپرٹی کو حاصل کیا جائے ۔ یہ ماڈل اس لئے بھی کامیاب رہا کہ بہت سے ایسے لوگ جو یکشمت قیمت ادا نہیں کر سکتے تھے، انہوں نے اس ماڈل کو قبول کیا ۔ اس ماڈل کے تحت آپ اپنا پلاٹ بک کرواتے ہیں اور پھر طے شدہ طریقہ کار سے قسطیں ادا کرتے ہیں ، اقساط کی ادائیگی کے ساتھ ہی آپ اُس جگہ کے مالک بن جاتے ہیں۔ پلاٹ کے علاوہ اقساط پر گھروں اوراپارٹمنٹ کا ماڈل بھی پاکستان میں موجود ہے ، تاہم سب سے زیادہ مقبولیت اور قبولیت اقساط پر پلاٹ یا اپارٹمنٹ لینے کو حاصل ہوئی ہے ۔

 ایسا بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ بہت سے نو سر بازوں نے لوگوں کی اس مجبوری کو سمجھا اور پھر رقم سمیٹ کر رفو چکر ہو گئے ۔ چونکہ عوام الناس کو اس ضمن میں آگاہی نہیں تھی لہذا اُن کیلئے دھوکہ دہی کا عمل آسان ہوگیا۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے راقم کی جانب سے کچھ تجاویز ذیل میں موجود ہیں،ان پر عمل کرتے ہوئے دھوکہ دہی سے بچا جا سکتا ہے ۔
آج کل یہ بہت عام ہے کہ بلڈرز اور ڈویلپرز پلاٹس کی فائلوں کا اعلان کرتے ہیں۔ان فائلوں کی فروخت کوئی غیر قانونی کام تو نہیں ہے تاہم اس ضمن میں احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے ۔سب سے پہلے تو یہ یقین کر لیجئے کہ آپ جس فائل کو خرید رہے ہیں، بلڈر یا ڈویلپر کے پاس وہ زمین بھی موجود ہونی چاہئے ۔ اگر اُس کے پاس زمین موجود نہیں ہے تو پھرمت لیجئے ، کیونکہ پراجیکٹ کی تاخیر کے علاوہ مستقبل میں دیگر مسائل کا بھی ممکنہ طور پر سامنا کر نا پڑ سکتا ہے۔

دوسری اہم بات یہ ہے کہ اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ اعلان شدہ پراجیکٹ مختلف حکام کی جانب سے منظور شدہ ہے اور اُس کا این او سی موجود ہے۔تیسری اہم چیز یہ بھی ہے کہ جس سوسائٹی میں آپ پلاٹ لے رہے ہیں ، اُس کے ڈویلپرز کے پاس اُس سوسائٹی کو بنانے کیلئے خاطر خواہ رقم موجود ہونی چاہئے وگرنہ آپ کی سرمایہ کاری منجمند ہونے کا امکان موجود ہے ۔
اقساط پر پلاٹ لینے کے حوالے سے سب سے اہم چیز اُس کے شرائط و ضوابط ہوتے ہیں۔ زبانی کلامی باتوں پر یقین مت کیجئے ، حتیٰ کہ دھوکے کے اس دور میں کسی کے وعدے اور قسم پر بھی اعتبار کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ صرف اُس پر یقین کیجئے جو کہ قانونی طور پر قابل قبول ہو۔ شرائط و ضوابط پر غور کیجئے ، جلد بازی میں کوئی بھی فیصلہ مت کیجئے بلکہ اس ضمن میں اپنے پڑھے لکھے احباب سے ضرور رابطہ کیجئے ۔ یاد رکھیں کہ قانونی دستاویز پر دستخط کر لینے کے بعد واپسی کے دروازے بند ہو جاتے ہیں اور پھر آپ اُس دستاویز پر عملدآمد کے پابند ہیں۔ اس بات کی احتیاط رہے کہ بعض اوقات خفیہ ادائیگی کیلئے بھی پابند کر دیا جاتا ہے ۔ اس بات کا اطمینان کر لیجئے کہ پروسیسسنگ فیس‘ ٹرانسفر فیس‘ ڈویلپمنٹ فیس یا اس طرح کی دیگر اصلاحات کے نام پر آپ کو خفیہ ادائیگیوں کا پابند نہیں کیا جا رہا ہے اور تمام تر شرائط بالکل شفاف ہیں ۔ مزید براں اس با ت کی تحقیق کر لیجئے کہ جو ڈویلپر آپ کو اقساط پر پلاٹ لینے کی ترغیب دے رہا ہے اس کا ماضی کیسا ہے اور اس کی مارکیٹ میں کاروباری ساکھ کیسی رہی ہے ۔ یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے بلکہ کوئی بھی باخبر آپ کو اس ضمن میں بتا سکتا ہے ۔
اقساط پر پلاٹ لینے کے بعد ڈویلپر سے مستقل رابطے میں رہنا ضروری ہے۔ کوشش کیجئے کہ ای میلز وغیرہ کا ریکارڈ رکھیں، مزید یہ کہ مارکیٹ اور اس کے حالات سے باخبر رہنا بھی ضروری ہے ۔ اس کے علاوہ یہ بھی دھیان میں رکھیں کہ آپ کو جو دستاویزات دی جا رہی ہیں وہ متعلقہ بلڈر سمیت دیگر متعلقہ حکام سے منظورو تصدیق شدہ ہونی چاہئے۔ ایسا نہ ہو کہ آپ کو نقلی یا جعلی دستاویزات تھما دی جائیں اور جب آ پ اقساط کیلئے جائیں تو آپ پر یہ راز کھلے کہ آپ سے دھوکہ ہو چکا ہے۔ زمین خریدنا بے شک آسان کام نہیں ہے لیکن ذرا سی توجہ سے آپ نہ صرف اپنی جمع پونجی کی حفاظت کر سکتے ہیں بلکہ اپنے خاندان کو بہترمستقبل بھی دے سکتے ہیں۔ یاد رکھیئے کہ جلد بازی کے کاموں کا انجام عموماً اچھا نہیں ہوتا ہے اور جب تک لالچ زندہ ہے فراڈیا بھوکا نہیں مر سکتا ہے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More